بھارت کی مسلح بارڈر فورس کے اہلکار نے اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کر کے 5 کو ہلاک کردیا اور پھر خود کشی کرلی۔
غیرملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں انڈو تبتی بارڈر پولیس (آئی پی بی پی) کے کانسٹیبل مسعود الرحمن نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کی۔
واضح رہے کہ ملک کی یہ وسطی ریاست طویل عرصے سے بائیں بازو کے گروہوں کی وجہ سے شورش کا سامنا کررہی ہے۔
آئی ٹی بی پی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ‘7 اہلکاروں پر فائرنگ کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی’۔
علاوہ ازیں دو زخمیوں کو ریاستی دارالحکومت رائے پور منتقل کردیا گیا۔
معدنیات سے مالا مال چھتیس گڑھ بھارت کی انتہائی غریب ریاستوں میں شامل ہے جہاں ماؤنواز باغی کئی دہائیوں سے زمین اور وسائل پر اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔
1960 کی دہائی سے اب تک ہزاروں فوجی، باغی اور دیگر ہلاک ہوچکے ہیں۔
ان گروپوں کو ختم کرنے کے لیے حکومت نے ہزاروں پولیس اور خصوصی کمانڈوز تعینات کیے ہیں۔
جس کے بعد حکومت نے مشیران، ہیلپ لائنز کی فراہمی اور یہاں تک کہ یوگا جیسے اقدامات اٹھائے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز 4 فوجی ہلاک ہوگئے تھے ان میں سے 3 برفانی تودے اور ایک برفانی طوفان میں ہلاک ہوگیا تھا۔
سیاچن گلیشیر دنیا کے سب سے بلند ترین جنگی زون کے طور پر جانا جاتا ہے۔
بھارت کی سیکیورٹی فورسز میں ماضی میں خودکشی اور قتل کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جن کی بڑی وجوہات میں مقررہ اوقات سے زائد وقت کی ڈیوٹی، کام کرنے کی جگہ کے ناقص حالات اور چھٹی نہ ملنے کے معاملات شامل ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی فوجیوں کی جانب سے خود کشی کے سیکڑوں واقعات پیش آچکے ہیں۔
رواں برس مارچ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں دو فوجیوں نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔
خود کشی کرنے والے بھارتی سیکیورٹی فورس، انڈو تبتان بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) سے وابستہ تھا اور اس کی شناخت رام پھول مینا کے نام سے ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جنوری 2017 سے اب تک 428 بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار خود کشی کر چکے ہیں۔