بھارتی گلوکارشان کا فرحان سعید کیلئے محبت بھرا پیغام


نیویارک: ناموربھارتی گلوکار شان نے پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید کے لیے محبت بھرا پیغام اور نیک تمنائیں بھیجی ہیں۔

گلوکار فرحان سعید نے گزشتہ کئی برسوں سے اپنی خوبصورت آواز سے لوگوں کو دیوانہ بنایا ہوا ہے ان کی آواز میں گائے ہوئے گیت لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہوجاتے ہیں۔ صرف گلوکاری ہی نہیں بلکہ اداکاری میں بھی فرحان سعید نے اپنا سکہ جمایا ہواہے۔ حال ہی میں ان کے ڈرامے ’’سنو چندا‘‘ نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔

فرحان سعید کی آوازکے دیوانے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی ہیں، بالی ووڈ کے کئی نامور گلوکار ان کی آواز کے مداح ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پربھارتی گلوکارشان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ گلوکار فرحان سعید کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکرتے نظرآرہے ہیں۔

ویڈیومیں شان نے فرحان سعید کے مقبول گانے ’’تو تھوڑی دیر اور ٹھہر جا‘‘ کو گنگنا کر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا اور ان کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یونہی آپ گاتے رہیں اور لوگوں کو تفریح فراہم کرتے رہیں۔

واضح رہے کہ ’’تو تھوڑی دیر اور ٹھہر جا‘‘ کا شمار فرحان سعید کے مقبول ترین گانوں میں ہوتا ہے تاہم اسے 2017 میں ریلیز ہوئی بالی ووڈ فلم ’’ہاف گرل فرینڈ‘‘ میں گلوکارہ شیریا گھوشال کی آواز میں دوبارہ ریکارڈ کرکے شامل کیا گیا تھا۔ فلم میں اس گانے کو اداکارہ شردھا کپور اور ارجن کپور پر فلمایا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں