بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان اور ان کی آنے والی فلم نئی ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے پروڈیوسر ساجد ندیاد والا نے پاکستانی سُپر ہٹ نمبر ‘پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کارتک آریان اور پروڈیوسر ساجد ندیاد والا نے 29 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے لئے عالمی ریکارڈ یافتہ کوک اسٹوڈیو پاکستان کے گانے ’پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کی شوٹنگ آج سے شروع ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فلم کا ٹریلر پہلے ہی جاری کردیا گیا ہے تاہم اب اس فلم میں پسوڑی کا مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔
اگلے جمعے کو ریلیز ہونے والی اس فلم کے لئے اس نئے گانے کی شوٹنگ آج سے ممبئی میں شروع ہو رہی ہے اور یہ کم و بیش 2 دن تک جاری رہے گی۔ شوٹنگ کا سیٹ پہلے ہی لگ چکا ہے۔
خیال رہے کہ سمیر ودھوانس کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں اداکار کارتک آریان کے ساتھ اس فلم کی اداکارہ کیارا ایڈوانی مرکزی کردار نبھارہی ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں گجراج راؤ، راج پال یادیو و دیگر شامل ہیں۔