تنازعات میں گِھری رہنے والی بھارتی اداکارہ اور ڈانسر راکھی ساونت کے بارے میں اب بھارتی میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ راکھی ساونت نے مسلمان لڑکے عادل درانی سے شادی 7 ماہ قبل کی تھی اور وہ حاملہ بھی تھیں ۔
ایک بھارتی صحافی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ دعویٰ کیا کہ راکھی ساونت نے ان سے گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کا حمل ضائع ہوا۔
صحافی نےاپنی انسٹاپوسٹ میں بتایا کہ راکھی نے حال ہی میں مجھے فون پر بتایا کہ یش بھائی میں حاملہ تھی اور اس بات کا اعلان میں نے بگ باس مراٹھی شو میں بھی کیا تھا لیکن ہر ایک کو یہی لگا میں مذاق کر رہی ہوں لہٰذا کسی نے بھی میری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا مگر اب میرا حمل ضائع ہوگیا ہے۔
بعد ازاں راکھی ساونت اور عادل خان کی جانب سے حمل ضائع ہونے کی خبر کی تردید کے بعد بھارتی صحافی کی جانب سے کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کردی گئی۔
عادل خان درانی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر راکھی ساونت کے حمل ضائع ہونے کے بارے میں سامنے آنے والی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے’جھوٹی خبر‘ قرار دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں راکھی ساونت نے اسلام قبول کرنے اور نام تبدیل کرنے کے بعد عادل خان درانی کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی راکھی ساونت اور عادل خان کے نکاح نامے کی تصویر بھی وائرل ہوئی۔
نکاح نامے کے مطابق، دونوں کا نکاح گزشتہ سال جولائی میں ہوا لیکن شادی کا باقاعدہ اعلان رواں سال کیا گیا۔