بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شدید بارشوں کے باعث ایک کمپاؤنڈ کی دیوار گھروں پر گرنے سے 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو اور پڈوچیری میں چند روز سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چنئی سمیت متاثرہ علاقوں میں اسکول اور کالجز بند جب کہ یونیورسٹیوں میں امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث میٹوپالیالم کے قریب نادور گاؤں میں ایک کمپاؤنڈ کی دیوار تین گھروں پر آ گری جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور اب تک 9 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق بحر ہند پر کومورن کے قریب سائیکلون کی وجہ سے ساحلی تامل ناڈو میں وسیع پیمانے پر بارشیں متوقع ہیں۔
چند روز قبل بھی تامل ناڈو میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات سے کم از کم 3افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ ریاستی حکومت نے عوام سے کہا ہے کہ ادارے مکمل طور پر تیار ہیں لہذا عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
چنئی کی ریاستی حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے 176 امدادی مراکز قائم کیے ہیں جب کہ چنئی کارپوریشن کو یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے کشتیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔