تیلگو فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار وجے دیوراکونڈا، جو ہمیشہ اپنے چاہنے والوں کی دل سے قدر کرتے ہیں، ایک بار پھر انہوں نے اپنے چاہنے والوں میں 1 کروڑ روپے بانٹنے کا بڑا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں وجے دیوراکونڈا اور سمانتھا روتھ پربھو کی ریلیز ہونے والی فلم ’خوشی‘ کی شاندار کامیابی کا جشن منانے کے لئے ایک تقریب منعقد کی گئی۔
اس تقریب میں تیلگو فلموں کے ہیرو وجے دیوراکونڈا نے فلم کی دھماکے دار کامیابی کو اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پرستاروں کو سرپرائز دے دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے مداحوں کے ساتھ صرف اپنی کامیابی ہی نہیں بلکہ فلم سے حاصل ہونے والی آمدنی کا بھی ایک حصہ بانٹیں گے۔
اداکار نے 100 مختلف پرستاروں کو ایک ایک لاکھ روہے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کے ساتھ اپنی خوشی بانٹنے کے لیے 100 خاندانوں میں ایک کروڑ روپے تقسیم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، 100 خاندانوں میں سے ہر ایک کو ایک ایک لاکھ روپے ملیں گے۔ یہ رقم میرے ذاتی اکاؤنٹ سے ہے‘۔
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں اداکار نے اپنے 100 مداحوں کو منالی میں 5 دنوں کی ذاتی اخراجات پر چھٹیوں پر بھیجا تھا۔