کناڈا ٹیلی وژن انڈسٹری کے معروف اداکار چیتن چندرا کو 20 مشتعل افراد کے ہجوم نے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اداکار چیتن چندرا اپنی والدہ کے ہمراہ مندر سے واپس گھر جارہے تھے کہ اچانک ایک مشتعل ہجوم نے اُن پر حملہ کرکے تشدد کیا اور نتیجے میں اداکار کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
اداکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر زخمی حالت میں اپنی ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکار کی ناک اور منہ سے خون بہہ رہا ہے اور اُن کی شرٹ پر بھی خون کے دھبے موجود ہیں۔
اداکار نے ویڈیو میں بتایا کہ ایک آدمی مجھے لوٹنے کی کوشش کر رہا تھا لہٰذا، میں ابھی اسے روک ہی رہا تھا کہ کچھ دیر میں ایک خاتون سمیت 20 افراد کا ہجوم اکٹھا ہوگیا اور مجھ پر حملہ کر دیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہجوم نے مجھ پر حملہ کیا اور میری ناک کی ہڈی توڑ دی اور چلے گئے پھر دوبارہ آئے اور میری گاڑی کو دوبارہ نقصان پہنچایا، یہ ایک بہت خوفناک حادثہ تھا۔