بھارتی اداکار اعجاز خان نے جیل میں 26 ماہ کیسے گزارے ؟

بھارتی اداکار اعجاز خان نے جیل میں 26 ماہ کیسے گزارے ؟


بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے اداکار اعجاز خان نے جیل میں گزارے گئے زندگی کے مشکل ترین  26 ماہ کا احوال سنایا ہے۔

بھارتی رئیلٹی شو بگ باس 7 میں حصہ لینے والے اداکار اعجاز خان کو منشیات کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، اعجاز خان دو سال دو ماہ تک سلاخوں کے پیچھے رہنے کے بعد 19 مئی 2023ء کو ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔

اعجاز خان ڈرگ کیس میں ضمانت ملنے کے بعد سے سرخیوں میں ہیں۔

حال ہی میں اعجاز خان نے 26 ماہ تک جیل میں رہنے کے اپنے تجربے کو شیئر کرنے کے لیے ایک پریس میٹنگ منعقد کی۔

انہوں نے اس دوران کہا کہ یہ دو سال میرے لیے بہت مشکل تھے، میں نے سچ بولا اور اس کی وجہ سے میرے اپنے لوگوں نے خود کو مجھ سے الگ کر لیا، 26 ماہ تک میں اپنے گھر والوں کے بغیر رہا، میرے والد کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی، میں اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے سنبھال لیا، میں اپنے خاندان کے لیے زندہ رہا اور اپنے ذہن میں آنے والے جذباتی حالات سے لڑا۔

اعجاز خان نے جیل میں گزرنے والے مشکل ترین دنوں سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہاں 400 قیدیوں کے لیے صرف تین بیت الخلاء تھے اور وہ بیت الخلاء ہمیشہ گندگی اور غلاظت سے بھرے رہتے تھے۔

جیل میں کھانے پینے کے حالات کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار نے مزید کہا کہ میں خشک روٹیاں اور پتھر جیسے چاول کھاتا تھا، جیل میں چوہوں اور کیڑوں مکوڑوں کے ساتھ بنی ہوئی دال تک کھائی ہے، آج اگر کوئی مجھے کم سے کم کھانا بھی کھانے کے لیے دے گا تو میں اسی کو خوشی سے کھا لوں گا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مجھے جیل میں صرف ایک کمبل کے ساتھ نیچے فرش پر کیڑوں کے سونا پڑا تھا۔

انہوں نے کہا کہ  مجھے عام زندگی قبول کرنے میں ایک مہینہ لگا، عام زندگی مجھے سمجھ ی نہیں آرہی تھی کہ اچھا کھانا کیسے کھایا جاتا ہے یا صاف باتھ روم میں کیسے نہایا جاتا ہے۔

اعجاز خان کا اپنی پریس میٹنگ میں مزید کہنا تھا  کہ عام زندگی کو قبول کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

یاد رہے کہ اعجاز خان کئی ٹی وی شوز جیسے ’دیا اور باتی ہم،‘ ’مٹی کی بنو،‘ ’کرم اپنا اپنا،‘ ’رہے تیرا آشیرواد‘ اور ’کہانی ہمارے مہابھارت کی،‘ اور دیگر میں اپنے کرداروں کے لیے مشہور ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں