بھارت کے مشہور رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 16 کے فاتح الطاف المعروف ایم سی اسٹین نے بھارتی فلم انڈسٹری کے بادشاہ شاہ رخ خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔
بگ باس کا 16واں سیزن گزشتہ اتوار کو ختم ہوا ہے اور اس شو میں شرکت کرنے والوں کی سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچی ہوئی ہے۔
بھارتی فلم ساز فرح خان نے بھی بگ باس 16 کے تمام شرکاء کے لیے خصوصی پارٹی کا اہتمام کیا جس میں عبدو روزک، ساجد خان، نمرت کور اہلووالیا، پریانکا چاہر چوہدری و دیگر نے شرکت کی۔
دوسری جانب بگ باس شو کے مداحوں کو اپنے پسندیدہ ممبرز کے لائیو انسٹا سیشنز کا بہت بے صبری سے انتظار ہے تاکہ وہ ان سے بات چیت کر سکیں۔
اپنے مداحوں سے بات کرنے کے لیے حال ہی میں پریانکا چاہر چوہدری، ارچنا گوتم، عبدو روزک اور شالن بھانوٹ نے انسٹا گرام پر لائیو سیشن کیا تو ان سب کے مشترکہ لائیو سیشن کو 151,000 ویوز ملے جبکہ ایم سی اسٹین نے صرف 10 منٹ اپنے مداحوں کے ساتھ لائیو انسٹا سیشن میں بات چیت کی اور ان کے انسٹا سیشن کو 541,000 ویوز ملے۔
ایم سی اسٹین نے اپنے اس لائیو انسٹا سیشن میں نہ صرف اپنے ساتھی ممبرز بلکہ شاہ رخ خان کے لائیو انسٹا سیشن کا بھی ریکارڈ توڑ دیا جوکہ 255,000 ویوز کا تھا۔
لائیو انسٹا سیشن میں یہ ریکارڈ بنانے کے بعد اب وہ سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹاپ 10 انسٹا گرام لائیو اسٹریمز کی ایلیٹ لسٹ میں شامل ہو گئے ہیں جس میں نکی منہاج، ڈریک، کرسٹیانو رونالڈو، بی ٹی ایس کے جنگ کوک اور وی بھی شامل ہیں۔