برلن: جرمنی کے میکس پلینک اِنسٹیٹیوٹ میں بچوں پر کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بچوں کو کسی کام میں توجہ مرکوز کرنے میں مشکل پیش آتی ہے جبکہ کسی بھی کام کو آسان بنانے کے لیے پوشیدہ طریقہ کار ڈھونڈ نکالنے میں بچے بہت اچھے ہوتے ہیں۔
بڑوں کی نسبت بچے کسی کام پر صحیح طریقے سےتوجہ دینے کے قابل نہیں ہوتےساتھ ہی وہ چیزوں کو کم یاد رکھ پاتے ہیں اور ان کی توجہ کا دورانیہ کم ہوتا ہے۔ ایسا ان کی دماغی صلاحیتوں کی نشو نما کے مرحلے میں ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے جس کے نتیجے میں انہیں مسئلے کا حل تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
تاہم، میکس پلینک انسٹیٹیوٹ کے ایک محققین کے گروپ ’نیورو کوڈ‘ نے اپنی تحقیق میں بتایا کہ بچے کم اہمیت کی حامل معلومات کو اچھی طرح عمل میں لاتے ہیں اور اس کو مسئلے کے حل کے لیے نئے اور تخلیقی لائحہ عمل ڈھونڈنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔جبکہ بڑے بھی کوئی کام کرتے وقت فوری طور پر لائحہ عمل کو بدل دیتے ہیں۔
پلوس ون نامی جرنل میں شائع ہونے والے مقالے میں بتایا گیا کہ بچے جب روایتی طریقے، جیسے کہ توجہ مرکوز کرنے، سے کسی کام کو کرنے میں بدتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ بڑوں کی طرح کام مکمل کرنے کے لیے فوری طور پر لائحہ عمل کوبدلنے کے طریقے کا استعمال کرتے ہیں۔
نیوروکروڈ گروپ کے سربراہ اور نفسیات دان اور نیورو سائنٹسٹ نِکولس شُک کا کہنا تھا کہ محققین کے نتائج یہ بتاتے ہیں کہ جہاں بچوں کی توجہ بڑوں کی نسبت زیادہ آسانی سے بٹ جاتی ہے، حیران کن طور پر ان کےلیے نئے حل ڈھونڈ نکالنا آسان ہوتا ہے۔