ایک نئی مگر طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو افراد بڑھتی عمر چکنائی اور مٹھاس سے بھرپور غذائیں کھاتے ہیں ان میں جوانی میں امراض قلب سمیت فالج میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
برطانوی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں 1990 کی دہائی کے ہزاروں بچوں کی غذائی عادات کا جائزہ لے کر جوانی میں ان میں ہونے والی بیماریوں کا جائزہ لیا گیا۔
ماہرین نے ترتیب وار 7، 10 اور 13 سال کے بچوں کی جانب سے کھائی جانے والی غذائوں کو دیکھا اور پھر ان ہی بچوں کے جوان ہونے پر ان میں ہونے والی بیماریوں اور طبی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا اور ان کے مختلف ٹیسٹس کیے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن بچوں نے کم عمری میں زیادہ میٹھی غذائیں، چکنائی اور کیلوریز سے بھرپور غذائیں کھائی تھیں، ان میں نوجوانی میں ہی شریانوں کے سکڑنے کے مسائل پیدا ہوگئے۔
ماہرین نے بتایا کہ ایسی غذائیں کھانے والے افراد کی 17 یا 24 سال کی عمر میں شریانیں اس قدر تنگ ہوچکی تھیں کہ جیسے وہ کئی سال زائد العمر ہوں۔
ماہرین کے مطابق ایسے بچوں کے جوان ہونے پر ان کی دل کو خون کی ترسیل کرنے والی شریانیں تنگ ہوئیں، جس سے ایسے افراد میں امراض قلب سمیت فالج کا شکار ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
ماہرین نے تجویز دی کہ کم عمر بچوں کو پھل اور سبزیوں پر مبنی زیادہ سے زیادہ غذائیں دی جائیں تاکہ ان کی شریانیں عمر کے حساب سے رواں دواں ہوں۔