میلبرن: بوئنگ کمپنی نے اپنے ڈرون میں جدت لاتے ہوئے کمپنی کی جانب سے پہلا ڈرون بنایا ہے جو پہیوں پر چلتے ہوئے عین کسی ہوائی جہاز کی طرح ٹیک آف کرتا ہے۔
اسے لوئل وِنگ مین کا نام دیا گیا ہے جس کے پہیے سارا وزن اٹھاتے ہیں اور اس میں طیارے جیسی قوت بھی موجود ہے۔ اس لینڈنگ گیئر یعنی پہیے عین مسافر طیارے کی طرح کھلتے اور بند ہوتے ہیں۔ اس سے قبل ایک عرصے تک اس کے ڈھانچے اور دیگر پہلوؤں پر کام کیا جاتا رہا جبکہ پہیے سب سے آخر میں لگائے گئے ہیں۔
اس ضمن میں آسٹریلیا کی رائل ایئر فورس کے لیے تین ڈیزائن بنائے گئے ہیں جو لوئل ونِگ مین ایڈوانسڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔ لیکن یہ عام ڈرون نہیں ہوں گے بلکہ انسانی اور غیرانسانی طیاروں کے ساتھ ساتھ پرواز کریں گے اور ایک بڑے مشن کا حصہ ہوں گے۔
اس پورے منصوبے میں بوئنگ کے ساتھ 16 مختلف اداروں نے بھی تحقیق کی ہے جس کا مقصد ڈرون کو عالمی مارکیٹ میں پیش کرنا ہے۔ ڈرون کی لمبائی 38 فٹ ہے جو جدید ترین ڈجیٹل انجینیئرنگ اور نت نئے مٹیریل کا ایک شاہکار ہے۔ اس میں لگے سینسر حسبِ ضرورت یا گاہک کی منشا کے تحت بدلے جاسکتے ہیں۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر غیرانسان بردار جیٹ ڈرون ہے جس کی پرواز لڑاکا طیارے جیسی اور رینج 3700 کلومیٹر تک ہے۔ تاہم اس کی دیگر خصوصیات ظاہر نہیں کی گئی ہیں اور خیال ہے کہ پہیوں کی بنا پر یہ بمبار بھی ہوسکتا ہے۔ حالتِ امن میں ڈرون جاسوسی اور نگرانی کے کام بھی کرسکتا ہے۔