بنگلہ دیش سے ٹیسٹ، پاکستانی پلیئرز آج راولپنڈی میں یکجا ہونگے


لاہور / کراچی: 

 بنگال ٹائیگرز کے شکار کیلیے پاکستانی ٹیم پیر کو راولپنڈی میں یکجا ہوگی، لاہور میں بھرپور مشقوں سے کھلاڑیوں نے جمعے کو شروع ہونے والے ٹیسٹ کیلیے خود کو تیار کرلیا، مقابلے سے قبل پنڈی اسٹیڈیم میں صلاحیتوں  کو مزید نکھارا جائے گا، بنگلہ دیشی ٹیم منگل کو پہنچے گی، سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات ہوں گے،  مفت داخلے سے اسٹیڈیم کو شائقین سے بھرا جائے گا۔ دوسری جانب ٹیم میں واپسی کی خبرسنتے ہی بنگلہ دیش کے اوپنر تمیم اقبال کا بیٹ رنز اگلنے لگا، ڈومیسٹک میچ میں سب سے بڑی 334 رنز کی اننگز کا ملکی ریکارڈ قائم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 حصوں میں منقسم سیریزکا پہلا ٹیسٹ جمعے سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، جس کیلیے  گرین کیپس پیرکو لاہور سے راولپنڈی پہنچیں گے، بنگال ٹائیگرز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کا کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں لگایا گیا جہاں چیف کوچ مصباح الحق سمیت دوسرے کوچنگ اسٹاف نے پلیئرزکو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی مشقیں کروائیں، کھلاڑیوں کی فٹنس میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے نہ صرف ٹارگٹ میچزکروائے گئے بلکہ 3 روزہ پریکٹس میچ کا انعقاد بھی کیا گیا، پنڈی اسٹیڈیم میں بھی تیاریوں  کا سلسلہ جاری رہے گا۔ادھر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی منگل کوپاکستان آمد متوقع ہے، اسی روز پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ٹیموں کی پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس بھی شیڈول ہے۔ حسب معمول سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

مہمان سائیڈ کو سربراہ مملکت کے براہ سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، حال ہی میں ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے پاکستان آمد کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم کے سیکیورٹی سے متعلق خدشات مکمل طور پر زائل ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب  دورئہ پاکستان سے قبل بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے بھرپور فارم کا مظاہرہ کردیا، انھوں نے سینٹرل زون کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں ایسٹ زون کی جانب سے ناقابل شکست 334 رنز اسکور کیے جوکہ ایک بنگلہ دیشی ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے بڑی  313 رنز کی اننگز مارچ 2007 میں رقیب الحسن نے کھیلی تھی۔

تمیم نے اپنے ملک میں سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کردیا ہے، اس سے قبل 2014 میں ٹیسٹ میچ کے دوران یہاں پر کمارسنگاکارا نے 319 رنز اسکور کیے تھے۔ انھوں نے شیواگتا ہوم کو انتہائی خوبصورتی سے چھکا جڑ کر سنگاکارا کے ٹوٹل کو پیچھے چھوڑا۔ تمیم نے مجموعی طور پر 426 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 42 چوکے اور 3 چھکے جڑے، ایسٹ زون نے سینٹرل کے 213 رنز کے جواب میں 2 وکٹ پر 555 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کی۔ یاد رہے کہ تمیم اقبال کی پاکستان کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ کیلیے بنگلہ دیشی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ مارچ 2019 کے بعد ٹیسٹ سائیڈ میں واپس لوٹے اور ٹور میں بھی اچھی کارکردگی پیش کرنے کو بے چین ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں