لاہور:
ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے تیاریوں میں مصروف بنگلہ دیشی ٹیم کے بیٹنگ کوچ نیل مکینزی اور فیلڈنگ کوچ ریان کنگ نے پاکستان جانے سے معذرت کرلی، اسپن بولنگ کوچ ڈینئل ویٹوری بھی ٹور پر جانے میں دلچسپی نہیں رکھتے، ٹرینر ماریو ولاواریریان انگلی کی انجری کے سبب دستیاب نہیں ہیں،بھارتی کمپیوٹر اینالسٹ سری نواسن چندرا سیکران بھی ہمراہ نہیں ہوں گے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو پہلے ہی لاہور جانے کا ارادہ ظاہر کرچکے، چارل لینگویلٹ کی اچانک رخصتی سے خالی ہونے والی بولنگ کوچ کی اسامی کیلیے اوٹس گبسن اور نینٹی کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
انکار کرنے والے سری لنکن ٹرینر کی جگہ تشار کانٹی حوالدار کا انتخاب کرلیا گیا،متبادل کمپیوٹر اینالسٹ کا انتخاب کیا جانا باقی ہے۔ بی سی بی کے چیئرمین آف کرکٹ آپریشنز اکرم خان نے نیل میکینزی اور ریان کک کے ٹور سے دستبردار ہونے کی تصدیق کردی ہے۔