حب: صوبہ بلوچستان کے علاقے اوتھل میں وایار فام کے نزدیک کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر علی الصبح مسافر کوچ الٹنے سے 14 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق بس پنجگور سے کراچی جارہی تھی جو تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
کوچ الٹ جانے کی وجہ سے ابتدا میں زخمیوں کو ریسکیو کرنے اور لاشیں نکالنے میں دشواری پیش آئی جس کی وجہ سے ہیوی مشینری طلب کی گئی اور اس کی مدد سے کوچ کو سیدھا کر کے ریسکیو کا عمل مکمل کیا گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد پنجگور کے رہائشی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اوتھل کے قریب پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا۔
تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر 12 روز بعد یہ دوسرا خطرناک ٹریفک حادثہ ہے اس سے قبل 20 جنوری کو پنجگور آنے والی مسافر کوچ الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکاروں سیمت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
گزشتہ برس اکتوبر میں بلوچستان کے ضلع خضدار میں کوئٹہ-کراچی روڈ پر مسافر کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور جھلسنے کے باعث ایک خاتون اور اس کے چار بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
قبل ازیں اگست میں ضلع مستونگ میں کوئٹہ-کراچی نیشنل ہائی وے پر ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چار فٹبالر جاں بحق ہوگئے تھے۔
اگست میں ہی ضلع سبی میں مزدا ٹرک اور مسافر ویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بچوں اور خاتون سمیت 10 مسافر جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔