بلوچستان: چمن میں پولیو ٹیم پر حملہ، 4 لیویز اہلکار زخمی

بلوچستان: چمن میں پولیو ٹیم پر حملہ، 4 لیویز اہلکار زخمی


بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں دھرنا کمیٹی کے ڈنڈا بردار افراد نے پولیو ٹیم پرحملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔

ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ لیویز اہلکاروں سے اسلحہ اور انسداد پولیو مہم کی ٹیم سے ویکسین چھیننے کی کوشش کی گئی۔

مزید بتایا کہ چمن میں پولیو ٹیم پر حملہ قابل مذمت ہے، پولیو ٹیم پر حملے میں 4 لیویز اہلکار زخمی ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر چمن راجا اطہر عباس نے بتایا کہ دھرنا کمیٹی کے ڈنڈا بردار افراد نے پولیو کی ٹیم پر حملہ کیا، اور کلی محمد حسن ٹھیکیدار، کلی میرالزئی اور کلی حاجی باقی جان میں زبردستی مہم کو بند کرنے کی کوشش کی گئی، ملزمان نے پولیس، لیویز سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، علاقے میں مزید نفری روانہ کردی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ، پولیو مہم جاری رکھی جائے گی، پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پولیو سے بچاؤ کی 5 روزہ مہم آج سے ملک بھر میں شروع ہو گئی، جس میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 65 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

صوبائی ہیلتھ سیکریٹری نے بتایا تھا کہ بلوچستان میں پولیو مہم 20 میں سے 14 اضلاع میں 3 جون کو شروع ہو رہی ہے جبکہ ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے سبب دیگر 6 اضلاع میں 8 جون سے آغاز ہوگا، جس میں 18 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں