بلاول نے صلح کر لی جس پر لاہور والے جلتے ہیں، شیخ رشید


 لاہور: 

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ان سے صلح کرلی ہے جس پر لاہور والے جلتے ہیں۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریلوے نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، ہم چاہتے تو ان کے کچرے پر ڈبہ رکھ سکتے تھے لیکن ہم صفائی کررہے ہیں، نواز، شہباز اور حمزہ کی عمران خان بھل صفائی کر رہے ہیں، اس میں دشواریاں ہیں، ملک کو فیصلہ کرنا ہے کہ مہنگائی کے ذمہ دار 40 سال کے ڈکیت ہیں یا 9 ماہ کے حکمران؟، سندھ کو ایڈزدہ کردیا گیا، یہ لوگ چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔

شیخ رشید نے کہا کہ بے شرموں کو شرم نہیں آتی آگے سے دانت نکال رہے ہیں، یہ لوگ گھروں میں بیٹھے ہوتے ہوں اور ضمانتیں ہو جاتی ہیں، بعض ایسے اسمارٹ ہیں کہ لندن میں بیٹھ کر سازشیں کررہے ہیں۔ ان لوگوں کو تو چھٹی والے دن بھی ضمانت مل جاتی ہے، عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ انہیں این آر او نہ ملے، انہیں باہر جانے کی اجازت دے دی جائے تو سارا اتحاد ختم ہو جائے گا، سب چور اکٹھے ہونے جا رہے ہیں، اپوزیشن کوعید کے بعد سڑکوں پر نکلنے دیں پتہ چل جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مجھ سے صلح کر لی، جس پر لاہور والے جلتے ہیں، دو دلوں کی پاکیزہ محبت کے درمیان لاہوریے قیدو بن گئے ہیں۔ عالمی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں، جس کے لیے سی پیک کےخلاف سازشیں ہورہی ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے موقع پر کراچی سے دیگر شہروں کے درمیان 5خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں