لاہور:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی دعوت پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج جاتی امراء پہنچیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات کی دعوت دی تھی جسے بلاول نے قبول کیا تھا۔
مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات آج دوپہر ڈیڑھ بجے نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء میں ہوگی جس میں دونوں کی جانب سے چند قریبی رفقاء بھی شرکت کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور، حسن مرتضی، اور مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی ہوں گے۔
بلاول سے ملاقات کے حوالے مریم نواز کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بلاول سے ملاقات نواز اور شہباز شریف کی اجازت سے ہو رہی ہے جس کے لیے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیصلےنواز شریف اور شہباز شریف سمیت پارٹی کے رہنماؤں سے مشاورت سے کیےجاتے ہیں، پارٹی کے اصولوں اور قواعد و ضوابط کی پاسداری مجھ سمیت سب پر لازم ہے۔
اُدھر بلاول بھٹو زرداری کا مریم نواز کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ مریم نواز سے ضرور ملیں گے کیونکہ پاکستان کے مسائل حل کرنا کسی ایک جماعت کے لیے ممکن نہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آصف زرداری، فریال تالپور اور حمزہ شہباز کی گرفتاری سمیت دیگر سیاسی امور اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر بات چیت کی جائے گی جب کہ اس دوران بجٹ کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور آئیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رمضان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو افطار ڈنر پر مدعو کیا تھا۔