بعض کیڑے سپر فوڈ ہیں، انہیں کھانے سے گوشت کا ذائقہ آتا ہے، تحقیق

بعض کیڑے سپر فوڈ ہیں، انہیں کھانے سے گوشت کا ذائقہ آتا ہے، تحقیق


ماہرین حشریات کی جانب سے کی جانے والی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بعض کیڑے مکوڑوں میں پروٹین اور فائبر جیسی خصوصیات موجود ہیں جب کہ انہیں پکا کر کھانے سے گوشت کا ذائقہ آتا ہے۔

براعظم افریقہ اور امریکا کے دور دراز علاقوں سمیت مشرقی ایشیا کے متعدد ممالک میں کیڑے مکوڑوں کو کئی لوگ غذا کے طور پر کھاتے آئے ہیں اور انہیں بطور غذا کھانے کے حوالے سے پہلے بھی متعدد تحقیقات سامنے آ چکی ہیں۔

حال ہی میں جنوبی کورین ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ آٹے یا چاول میں پائے جانے والے سرخ رنگ کے کیڑوں سمیت گھروں میں پائے جانے والے دیگر کیڑوں میں سپر فوڈ جیسے اجزا شامل ہوتے ہیں۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق جنوبی کوریا کے ماہرین نے حال ہی میں مختلف اقسام کے کیڑوں کو چینی سمیت دیگر چیزوں کے ساتھ ملا کر پکایا اور پھر بعض رضاکاروں کو وہ تیار کی گئی غذا کھانے کا کہا۔

ماہرین نے کیڑوں مکوڑوں کو مختلف طریقوں سے پکایا تھا تاکہ ان میں شامل اجزا سمیت ان کے ذائقے میں آنے والی تبدیلی کو بھی نوٹ کیا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق اگر کیڑے مکوڑوں کو چینی یا شکر کے ساتھ پکا کر کھایا جائے تو ان میں سرخ گوشت کا ذائقہ آتا ہے اور اسی طرح اگر انہیں فرائی کرکے پکایا جائے تو ان میں پاپ کارن اور بار بی کیو غذاؤں جیسا ذائقہ آتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ آٹے یا چاول سمیت دیگر غذاؤں میں آ جانے والے سرخ رنگ کے کیڑوں اور گھروں کے کچن میں پائے جانے والے مخصوص مکوڑوں میں بہت زیادہ پروٹین، فائبر، فیٹی ایسڈ اور بعض وٹامنز پائے جاتے ہیں جس سے ان کی غذائیت سرخ گوشت کے جانوروں جیسی فائدہ مند ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں پیدا ہونے والی ماحولیاتی تبدیلی، پانی کی آلودگی اور گھاس میں وغیرہ میں پھیلنے والی بیماریوں سے بعض جانوروں کا گوشت نقصان کار بن چکا ہے مگر کیڑے مکوڑے اس سے آزاد ہیں اور انہیں کھانے کے کئی فوائد ہو سکتے ہیں۔

جنوبی کورین ماہرین کی جانب سے کی جانے والی مذکورہ تحقیق کو جلد ہی امریکا میں ہونے والی ایک کانفرنس میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس طرح کی دیگر تحقیقات پر بحث کی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں