پاکستان شوبزانڈسٹری کی میزبان اور نامور سیاسی شخصیت اور ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کی سابق اہلیہ بشریٰ اقبال نے اپنی بڑی کامیابی مرحوم شوہر کے نام کردی۔
بشریٰ اقبال نے گزشتہ روز جامعہ کراچی سے قرآن و سنت میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرتے ہوئے ایک ویڈیو انسٹاگرام پر جاری کی جس میں انہوں نے شیخ الجامعہ سے سند لینے کے بعد فلسطینی اسکارف ‘کیفیہ’ اپنے گلے میں پہن لیا۔
انہوں نے لکھا کہ ‘ میں حاصل ہونے والا یہ اعزاز اپنی والدہ، مرحوم والد جناب اقبال اختر اور بے انتہا حوصلہ افزائی کرنے والے میرے سابق شوہر و مرحوم عامر لیاقت حسین کے نام کر رہی ہوں’۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے اس کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا۔
بشریٰ اقبال نے لکھا کہ ‘ الحمداللہ، بہت بڑا دن، آج میں نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر جناب خالد عراقی سے قرآن و سنت میں پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی، کیفیہ پہن کر فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ جامعہ کے 31ویں کونووکیشن میں پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی’۔
سوشل میڈیا صارفین اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں بشریٰ اقبال کے اس خاص موقع پر فلسطین سے اظہارِ یکجہتی اور عامر لیاقت کو بھی یاد رکھنے کو سراہ رہے ہیں۔