سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر بریٹ لی جلد ہی بھارت کے مشہور کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں نظر آئیں گے۔
بریٹ لی نے مائیکرو بلا گنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کپل شرما کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’کپل شرما، آج آپ سے مل کر بہت اچھا لگا۔
بریٹ لی کے اس ٹوئٹ پر کپل شرما نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’آپ کے ہمارے شو میں واپس آنے پر خوشی ہوئی، بہت مزہ آیا، مجھے آپ کا مزاح بہت پسند ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’کرس گیل اور آپ کی موجودگی نے شو کو انتہائی مضحکہ خیز بنا دیا، آپ کا شکریہ‘۔
کپل شرما نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں بریٹ لی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
بریٹ لی نے کپل شرما کی اس محبت کا جواب دیتے ہوئے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ’یار، جلد ہی دوبارہ ملیں گے اور جیسا کہ میں نے وعدہ کیا تھا اگلی بار اپنے ساتھ ’سڈنی بیئر‘ لے کر آؤں گا‘۔
سوشل میڈیا پر یہ ٹوئٹس دیکھنے کے بعد اب بریٹ لی کے مداحوں کو اُنہیں ٹی وی پر کپل شرما کے شو میں دیکھنے کا بہت بے صبری سے انتظار ہے۔