یارکشائر:
اسلام فوبیا میں مبتلا مشتعل برطانوی جوڑے نے سلور ڈیل کے نزدیک مسافر بس میں مسلم طالبات کو پہلے ہراساں کیا اور پھر ایک باحجاب طالبہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر 40 سالہ برطانوی خاتون اور ان کے شوہر کی جانب سے 14 سالہ باحجاب مسلم طالبہ کو دھکے دیکر زمین پر گرا کر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر یارکشائر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے برطانوی جوڑے کو حراست میں لے لیا ہے۔
شمالی برطانیہ کے شہر شیفیلڈ میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو میں ایک بس کے اندر برطانوی جوڑے کو اسکول کی باحجاب مسلم طالبات پر چیختے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، برطانوی جوڑے نے اسلام اور مسلمانوں کیخلاف نازیبا استعمال کی اور حجاب کو برا بھلا کہا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : آسٹریلیا میں ایک شخص کا باحجاب حاملہ مسلم خاتون پر بہیمانہ تشدد
طالبات کی جانب سے احتجاج کرنے پر برطانوی خاتون نے مسلمان طالبہ کو مارا پیٹا یہاں تک کہ طالبہ کو زمین پر لٹا کر تشدد کرتی رہی جب کہ اس دوران برطانوی خاتون کا شوہر اسلام کیخلاف بکواس کرتا رہا۔ دیگر مسلم طالبات نے بہ مشکل تشدد کا نشانہ بننے والی طالبہ کو برطانوی خاتون کے چنگل سے آزاد کرایا۔
سلور ڈیل اسکول انتظامیہ نے مسلم طالبات کو ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی طالبات کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کی مدد کو تیار ہیں۔ برطانیہ میں اسلام فوبیا حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔