لاہور: سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہناہے کہ برسبین کی وکٹ پر محمد عباس کو پاکستان کے پلینگ الیون میں شامل نہ کرنا سمجھ سے باہر ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں لگتا ہے کہ چوتھی اننگز میں آسٹریلیا کی باری کو ذہن میں رکھ کرٹیم مینجمنٹ نے پاکستانی بیٹنگ کو ترجیح دی ہے جو درست فیصلہ نہیں۔
بیٹنگ کے مسائل پہلے جیسے ہی نظر آئے، ایک دم سے لائن لگنے کی روایت برقرار ہے۔ پاکستانی بولرز شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عمران خان اور یاسر شاہ میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو جلد آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔ تجربہ کارٹیم کے خلاف سوچ سمجھ کر ٹیم منتخب کرنی چاہیے تھی۔ نیٹ میں پرفارمنس کی بجائے میرٹ پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔ میرے خیال میں اس وکٹ پر محمدعباس کو موقع دینے کی ضرورت تھی۔
عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ ہم بھی جب آسٹریلیا کھیلنے گئے تھے، ہم ہار کر آتے رہے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ اب بھی ایسا ہو، وہاں کی کنڈیشنز کو ذہن میں رکھ کر تیاری کرنی چاہیے۔ابھی تک برسبین ٹیسٹ میں بلے بازوں کے ساتھ بولرز بھی متاثر کن پرفارمنس دینے میں ناکام رہے ہیں، یقین ہےکہ اس ٹیسٹ کی غلطیوں سے کھلاڑی اور ذمہ داران سبق سیکھ کر دوسرے ٹیسٹ میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔