برسبین: قومی ٹیم کےکپتان اظہر علی نے برسبین ٹیسٹ میں شکست کے باوجود اگلے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف جیت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
برسبین ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد اپنے انٹرویو میں اظہر علی نے کہا کہ میچ کے چوتھے روز وکٹ اچھی تھی اور آسٹریلیا نے اچھی باولنگ کی، پاکستان کی جانب سے بابراعظم ،یاسرشاہ اور شان مسعود نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ عباس کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ مشکل تھا، نسیم شاہ بہت ٹیلنٹڈ باولر ہے، وہ ابھی نوجوان ہے، ہم اس پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے ۔
اظہر علی نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں پارٹنر شپ بہت اہم ہوتی ہے، پہلے بیٹنگ کرکے اسکور بورڈ پر اچھا اسکور کرنے کا ارادہ تھا جس میں ناکام رہے۔ ہم پہلی اننگز میں زیادہ رنز نہ بناسکے، ایک اننگز بری کھیلنے پر میچ میں واپسی مشکل ہوجاتی ہے، ہم آسٹریلوی ٹیم پر دباوَ ڈالنے میں ناکام رہے لیکن اگلےمیچ میں جیت کیلئے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں ناکام ہوئے ہیں۔ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹائے جانے کے بعد یہ ان کا بطور کپتان پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔