پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان نے فیشن شو کے دوران غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
لاہور میں جاری 3 روزہ برائیڈل فیشن شو میں فیشن ڈیزائنر عمران راجپوت کے مردوں کے لیے ڈیزائن کیے ہوئے شادی کے ملبوسات کی نئی کلیکشن کی نمائش کے دوران ماڈلز نے شیروانی اور کوٹ سوٹ کے ساتھ فلسطینی اسکارف پہنے ہوئے ریمپ پر واک کی جبکہ بیک گراؤنڈ میں فلسطینی آزادی کے نغمے سنائی دے رہے تھے۔
فلسطینی اسکارف جسے’کوفیہ‘ کہا جاتا ہے، مشرق وسطیٰ کا روایتی اسکارف ہے اور گزشتہ چند دہائیوں سے عالمی سطح پر اس اسکارف نے فلسطینی قوم پرستی اور مزاحمت کی علامت کے طور پر پہچان حاصل کرلی ہے۔
علاوہ ازیں شو کے دوران ڈیزائنر عمران راجپوت کے لیے شو اسٹاپر بننے والے اداکار احسن خان نے جب ریمپ پر واک کے لیے انٹری دی تو ان کے ہاتھ میں ایک بڑا پلے کارڈ تھا جس پر لکھا تھا کہ ’ہم ہر بچے کے لیے، ہر گھر کے لیے اور فلسطین کے لیے امن چاہتے ہیں‘۔
اس موقع پر احسن خان کے ہمراہ اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس اور اسٹائلسٹ یاسر ڈار بھی ریمپ پر موجود تھے۔
برائیڈل فیشن شو میں فلسطینیوں کے ساتھ اس طرح اظہارِ یکجہتی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فیشن شو کے منتظمین کے اس اقدام کی خوب تعریف کی جا رہی ہے۔