بجٹ 2024 : ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1400 ارب مختص

بجٹ 2024 : ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1400 ارب مختص


اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں  حکومت نے پبلک سروس ڈویلپمنٹ پروگرام یعنی پی ایس ڈی پی کے لیے 1400 ارب روپے  رکھنے کی تجویز دی ہے۔ 

وفاقی حکومت مالی سال 25-2024 کا بجٹ آج شام پیش کرے گی۔ 

جیونیوز کی حاصل کی گئی دستاویزات کے مطابق پی ایس ڈی پی کے لیے مختص 1400 ارب روپے میں سے  وفاقی وزارتوں کا مجموعی ترقیاتی بجٹ 1041 ارب روپے ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ  وزارت آبی وسائل کے لیے 259 ارب روپے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کےلیے 66 ارب 31 کروڑ روپے، خلائی تحقیقاتی ادارے اسپارکو کے لیے 35 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی ہے۔

حکومت نے آئندہ مالی سال میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کےلیے 27 ارب 68 کروڑ روپے، ریونیو ڈویژن کے لیے 17 ارب جب کہ ریلوے کےلیے 43 ارب روپے تجویز کیے  ہیں۔

جیو نیوز کے پاس موجود بجٹ دستاویزات کے مطابق داخلہ ڈویژن کےلیے 9 ارب 7 کروڑ روپے، پیٹرولیم ڈویژن کےلیے 3 ارب 22 کروڑ روپے،آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کےلیے 28 ارب 92 کروڑ روپے جب کہ فوڈ سکیورٹی کےلیے 41 ارب 25 کروڑ روپےکا وفاقی ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں وزارت صحت کے لیے 27 ارب روپے اور صنعت و پیداوار کےلیے 4 ارب 91 کروڑ روپےجب کہ  انسانی حقوق کی وزارت کے لیے  10 کروڑ 40 لاکھ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔

نئی مالی سال کے بجٹ میں ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) کے ترقیاتی بجٹ کےلیے 70 ارب روپے اور  آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کےلیے 74 ارب 50 کروڑ  روپے کا  ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق وفاق کے صوبائی منصوبوں کےلیے بھی 82 ارب 41 کروڑ روپےتجویز کیے گئے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں