بجلی 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری


 اسلام آباد: 

نیپرا نے بجلی 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ایکسپریس نیوزکے مطابق نیپرا نے بجلی 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافہ جولائی کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا،  اضافہ اکتوبرکے مہینے کے بلوں میں وصول کیا جائے گا تاہم بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ بجلی مہنگی ہونے کا صارفین پر10 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے فیصلے پرممبر سندھ نیپرا نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ میرٹ آرڈرکے خلاف پاورپلانٹ چلانے کا بوجھ صارفین پر ڈالا جارہا ہے۔

’عوام کی جیبوں پر 10ارب روپے کا ڈاکا ڈالا گیا‘

بجلی کی قیمت میں اضافے پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولے نے آج 83پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کر دی اور عوام کی جیبوں پر 10ارب روپے کا ڈاکا ڈالا گیا ہے، صرف 3ماہ میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں 70سے80فیصد مہنگی ہو چکی ہیں لیکن مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے مقدمے بنائے جاتے ہیں۔

’سابق حکومتوں کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوتی ہے‘

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سابق حکومتوں کے معاہدوں کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوتی ہے، ملک میں فصل کم ہونے کی وجہ سے گندم کی قیمت زیادہ ہوئی، پندرہ لاکھ ٹن گندم سال کے اختتام سے پہلے ملک میں ہوگی،ذخیرہ اندوزوں کو سبق سکھانے کیلئے وزیراعظم نے زیادہ گندم منگوانے کی ہدایت کی ہے، گندم پر سبسڈی دیں گے،ذخیرہ اندوزوں کی کمر توڑیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں