لاہور:
پاکستانی پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے ستمبر میں دوبارہ رنگ میں اترنے کو ہدف بنالیا۔
ویڈیو لنک پر بات کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ 28 مارچ کو طے فائٹ کے لیے دبئی میں ٹریننگ کررہا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔ ان دنوں گھر پر ہی اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے سخت محنت کررہا ہوں، کورونا سے پیدا ہونے والے حالات میں بہتری آنے پر اسکاٹ لینڈ میں جاکر باقاعدہ ٹریننگ شروع کرنے کا ارادہ ہے۔
محمد وسیم نے بتایا کہ ان کے پروموٹر ستمبر میں دوبارہ انٹرنیشل فائٹ کی تیاریاں کررہے ہیں۔ کوشش کروں گا کہ پہلے کی طرح اس مقابلے میں بھی پاکستان کا پرچم بلند کروں۔ نوجوان باکسر نے ساتھی پاکستانی باکسرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے فیڈریشن اور حکومت سے اپیل کی کہ ملک میں باکسنگ کے فروغ کے لیے اقدامات پر توجہ دی جائے۔