پاکستانی معروف سینئر گلوکار فاخر محمود نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار ایم کیو ایم کے بانی نے مجھ سے معذرت کی تھی۔
فاخر محمود نے حال ہی میں ’جیو نیوز‘ کے ہر دلعزیز مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں انٹرویو دیا ہے۔
پروگرام کے دوران گلوکار فاخر محمود نے انکشاف کیا کہ میں نے آج تک کسی سیاسی جماعت کے لیے نہ گانا لکھا، نہ گایا اور نہ ہی کمپوز کیا ہے۔
فاخر محمود نے بتایا کہ میں نے جو آئی ایس پی آر کے لیے گانا ’انڈیا جا جا کشمیر سے نکل جا‘ بنایا وہ بالکل مفت میں بنایا تھا، میں نے اُس کے لیے ایک بھی پیسہ نہیں لیا تھا، وہ گانا ملک کے لیے تھا اسی لیے میں نے اُسے گایا بھی اس کی ویڈیو بھی بنائی اور آئی ایس پی آر کو بطور تحفہ پیش کیا۔
فاخر محمود نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں ایک بار بانیٔ ایم کیو ایم کے سامنے پرفارم کر رہا تھا، میں نے صرف دو ملی نغموں کے لیے بات کی تھی، میری پرفارمنس سے الطاف حسین بہت خوش ہوئے۔
گلوکار نے بتایا کہ بانیٔ ایم کیو ایم نے خوش ہو کر مجھ پر 50، 50 پونڈز کے نوٹ برسانا شروع کر دیے جس پر میں نے اُنہیں منع کیا اور کہا کہ میں ایسا گلوکار نہیں ہوں، میں پیسے نہیں لیتا، کنسرٹ کے بعد چاہے یہ پیسے میری ٹیم کو دے دیجیے گا۔
گلوکار فاخر محمود کا کہنا ہے کہ اس پر بانیٔ ایم کیو ایم نے مجھ سے معذرت کر لی تھی۔
میزبان تابش ہاشمی نے ہنستے ہوئے کہا کہ اچھا کیا کہ آپ نے بانیٔ ایم کیو ایم سے پیسے لینے سے انکار کر دیا ورنہ وہ 50 پونڈز کے نوٹ دے کر 100، 100 پونڈز وصول کرتے۔