بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے انکشاف کیا ہے کہ جن دنوں کورونا وبا اپنے عروج پر تھی تو مجھ میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
شرمیلا ٹیگور نے حال ہی میں بھارت کے مشہور ٹاک شو’کافی ود کرن‘ میں اپنے بیٹے، اداکار سیف علی خان کے ہمراہ بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اس شو کے دوران میزبان اور مشہور بھارتی ہدایتکار کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں عالیہ بھٹ کی دادی کے کردار کے لیے میرا پہلا انتخاب اداکارہ شبانہ اعظمی نہیں بلکہ شرمیلا ٹیگور تھیں۔
شرمیلا ٹیگور نے یہ بات سن کر یہ بتایا کہ اس وقت مجھ میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور کورونا وبا کی وجہ سے صحت کے حوالے سے سب ویسے ہی بہت خوفزدہ تھے تو اس لیے مجھے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کرنا پڑا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس وقت کورونا وبا اپنے عروج پر تھی اور اس بیماری کی ویکسین بھی دستیاب نہیں تھی اور کینسر کی تشخیص کے بعد میں کوئی اور خطرہ مول نہیں لینا چاہتی تھی۔
تاہم شرمیلا ٹیگور نے شو میں اپنی بیماری کے علاج کے حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔