ممبئی: معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کی جانب سے اپنے گھر اور دفتر کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قرنطینہ سینٹر بنانے کی پیشکش کے بعد کئی دیگر اداکار بھی میدان میں آگئے۔
درجنوں رومانوی اور چاچی 420 جیسی مزاحیہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے 65 سالہ کمل ہاسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں ذاتی رہائش گاہ کو اسپتال میں تبدیل کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے لکھا کہ میری خواہش ہے کہ ڈاکٹروں کی مدد سے اپنی پرانی رہائش گاہ کو ہمیشہ کے لیے ایک اسپتال میں تبدیل کردوں جہاں آئندہ بھی مریضوں کا علاج ہوتا رہے۔
اسی طرح بالی وڈ اداکار سونو سود نے بھی اپنے 6 منزلہ ہوٹل کو کورونا وائرس سے نبرد آزما ڈاکٹرز اور طبی عملے کے آرام کے لیے پیش کیا ہے جہاں ان سب کو مفت رہائش اور کھانے پینے کی سہولت بھی میسر ہوگئی۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو کچھ دیر ہی آرام کا وقت ملتا ہے اگر یہ وقت پر سکون جگہ ملے تو وہ زیادہ تازہ دم ہوکر مریضوں کا علاج کرسکیں گے۔
اداکار سچن جوشی نے بھی اپنا 36 کمروں پر مشتمل ہوٹل کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قرنطینہ سینٹر بنانے کی پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے بھارت آنے والے تمام مسافر میرے ہوٹل میں بلا معاوضہ رہ سکتے ہیں تاکہ قرنطینہ کے بعد اپنے گھروں کو محفوظ حالت میں جا سکیں۔ سچن جوشی میونسپل اور پولیس اہلکاروں میں کھانا بھی تقسیم کرتے رہے ہیں.
یاد رہے کہ سب سے پہلے بالی وڈڈ کیشان شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے ایک ہفتے قبل اپنے گھر اور دفتر کو کورونا وائرس کے مریضوں کیلیے قرنطینہ سینٹر بنانے کی پیشکش کی تھی جس پر حکومتی اداروں نے معروف اداکار کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا تھا۔