کراچی: بارش کی وجہ سے ورلڈ کپ کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا جب کہ ’لانینا‘ کی وجہ سے کئی مقابلے تاخیر اور واش آؤٹس کا شکار ہوسکتے ہیں۔
موسمی رجحان ’لانینا‘ نے مسلسل تیسرے برس آسٹریلیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جو بارشوں کا باعث بن گیا، اس سال بھی یہ سلسلہ دسمبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے اتوار سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے مین راؤنڈکو بھی شدید خطرہ لاحق ہوگا۔
میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل کینبرا می بارش کی ہی وجہ سے انگلینڈ کے ہاتھ سے آسٹریلیا کو وائٹ واش کرنے کا موقع نکل گیا تھا، تیسرا میچ موسم کی وجہ سے بے نتیجہ رہا۔
وکٹوریہ میں آنے والے دنوں میں بارش کی پیشگوئی پہلے ہی ہوچکی ہے، جس کا براہ راست نقصان ابتدائی طور پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کو ہوگا، دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز غیرمتوقع طور پر ہار گئیں،البتہ دوسرا میچ جیت لیا، اگلے میچز میں انھیں موسم کے کڑے تیور کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کی وجہ سے مقابلوں کا دورانیہ محدود یا پھر مکمل طور پر بھی بارش کی نذر ہوسکتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان 23 اکتوبر کو میلبورن میں شیڈول میچ کیلیے پہلے ہی موسم خراب کی وارننگ سامنے آچکی۔
اگرچہ آئی سی سی کی جانب سے سیمی فائنلز اور فائنل کیلیے ریزرو ڈیز مختص کیے گئے مگر راؤنڈ روبن میچز میں ایسا کچھ نہیں ہے، جس کی وجہ سے بارش ہونے پر تاخیر سے آغاز اور مقابلے مکمل طور پر واش آؤٹ ہونے کا سامنا کرنا پڑے گا، اس صورت میں ٹیموں کو میدان میں کارکردگی سے زیادہ قسمت پر انحصار کرنا پڑسکتا ہے۔
2020 میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ویمنز ورلڈ کپ کا انگلینڈ اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس پر بلو شرٹس کو گروپ مرحلے میں زیادہ فتوحات کی بنا پر فائنل کھیلنے کا حقدار قرار دے دیا گیا تھا۔