بابراعظم کے بیٹ کی ضرب سے مزید ریکارڈز چکناچور


سڈنی: بابراعظم کے بیٹ کی ضرب سے مزید ریکارڈز چکنا چورہوگئے، بطورکپتان ٹی 20 ڈیبیو پر بڑی اننگز کا اعزاز شاہد آفریدی سے چھین لیا۔

ٹاپ آرڈر بیٹسمین بابر اعظم مختصر ترین فارمیٹ میں عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں 38 بالز پر ناٹ آؤٹ 59 رنز اسکور کیے جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، یہ کسی بھی پاکستانی کا ٹی 20 میں بطور کپتان ڈیبیو پر سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے پاس تھا جنھوں نے کولمبو میں سری لنکا کے خلاف 2009 میں بطور ٹی 20 کپتان اپنے پہلے میچ میں 37 بالز پر 50 رنز بنائے تھے۔

25 سالہ بابر نے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا مختصر ترین فارمیٹ کے انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ ففٹیز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، حفیظ نے 86 اننگز میں 10 ففٹی پلس اسکور کیے تھے جبکہ بابر 34 میچز میں 11ففٹی پلس اسکور بناچکے ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ بابر ایک کیلنڈر ایئر میں 1500 سے زائد ٹی 20 رنز اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے جبکہ ان کے علاوہ ویرات کوہلی (1614 رنز 2016) اور ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل (1665 رنز 2015) یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

پاکستانی ٹی 20 کپتان نے اس سال اب تک 1551 رنز اسکور کردیے جبکہ ابھی آسٹریلیا سے مزید 2 میچز باقی ہیں، جس میں بہتر کارکردگی سے وہ کرس گیل سے ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی 20 رنز کا ریکارڈ بھی چھین سکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں