بائیڈن، ٹرمپ صدراتی مباحثہ نئے قواعد کے تحت ہوگا

بائیڈن، ٹرمپ صدراتی مباحثہ نئے قواعد کے تحت ہوگا


نومبر 2024 کے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلد ٹرمپ کے درمیان صدراتی مباحثہ نئے قواعد و ضوابط کے تحت کل ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ہو رہا ہے۔

1976 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مباحثے کے دوران حاضرین اس مقام پر موجود نہیں ہوں گے۔ نشریاتی ادارے سی این این نے اعلان کیا ہے کہ دونوں صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم کی ٹیموں نے نئے قواعد پر اتفاق کیا ہے جس میں اس بار بوقت ضرورت مائیک کا بند کرنا بھی شامل ہے۔

اس مباحثے کی میزبانی سی این این کے جیک ٹیپر اور ڈینا بیش کریں گی۔ یہ مباحثہ 90 منٹ تک براڈکاسٹ کیا جائے گا جس میں دو کمرشل بریک بھی ہوں گے۔

اس سے قبل صدارتی مباحثوں کے کمیشن کے تحت، جو تین عشروں تک ان مباحثوں کی نگرانی کرتا رہا ہے، کمرشل بریک نہیں ہوتے تھے۔ لیکن اس سال ایسا نہیں ہو گا۔

امریکی میڈیا کےمطابق دونوں امیدواروں نے اس پر اتفاق کیا ہے کہ جب ان کے بولنے کی باری نہیں ہو گی توان کا مائیکرو فون بند رہے گا، جس کا مقصد مباحثے کے دروان مداخلت کے امکان کو کم سے کم کرنا ہے۔

اس سال کسی بھی صدارتی امیدوار کی طرف سے ابتداتی بیانات نہیں ہوں گے۔ امیدواروں کو ایک سوال کا جواب دینے کے لیے دو منٹ کا وقت دیا جائے گا۔ جس میں ایک منٹ اس کی تردید اور جواب دینے کے لیے ہو گا۔

میزبانوں کے اختیار میں ایک اضافی منٹ بھی ہو گا جسے وہ اپنی صوابدید پر استعمال کر سکیں گے۔ مباحثے کے اختتام پر ہر امیدوار دو منٹ کا اپنا اختتامی بیان دے گا۔

نشریاتی نیٹ ورک کے مطابق مباحثے کےلیے امیدواروں کےلیے بالکل ایک جیسے پوڈیم رکھے جائیں گے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان پوڈیم کا انتخاب سکہ اچھال کر کیا جائے گا۔

یہ صدارتی انتخابی مباحثہ امریکی تاریخ کا پہلا ایسا صدارتی مباحثہ ہے جس میں حصہ لینے والے کسی بھی امیدوار نے ابھی تک اپنی پارٹی کی نامزدگی کو باضابطہ طور پر قبول نہیں کیا ہے۔

تاہم بائیڈن اور ٹرمپ دونوں ہی اپنی جماعتوں کی کنونشنز کے بعد نامزدگی قبول کر سکیں گے۔ ریپبلکن پارٹی کا کنونشن اگلے مہینے ریاست وسکانسن کے شہر ملواکی میں ہے جب کہ ڈیموکریٹک کنونشن اگست میں شکاگو میں ہو گا۔

یہ صدارتی مباحثہ اس سال ہونے والے دو مباحثوں میں سے پہلا ہے، جب کہ دوسرا صدارتی مباحثہ اے بی سی نیوز کی میزبانی میں 10 ستمبر کو ہو گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں