بالی ووڈ کے معروف گلوکار اے آر رحمٰن کے چنئی میں ہونے والے ناکام کنسرٹ کے بعد بیٹیاں رحیمہ اور خدیجہ شو کے کمپوزر کے دفاع میں سامنے آ گئی ہیں۔
اے آر رحمٰن چنئی میں ہونے والے ناکام کنسرٹ کے بعد سے تنقید کی زد میں ہیں، کنسرٹ میں بد انتظامی کے بعد گلوکار کو سوشل میڈیا پر دھوکے باز اور فریبی قرار دیا جا رہا تھا جس کے بعد کنسرٹ انتظامیہ اور گلوکار کی بیٹیاں، رحیمہ اور خدیجہ اِن کے دفاع کے لیے سوشل میڈیا پر سامنے آ گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اے آر رحمٰن نے 10 ستمبر کو چنئی میں ایک لائیو کنسرٹ میں پرفارم کیا تھا جس میں 45000 سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔
کنسرٹ کے خراب انتظامات کے سبب گلوکار کے سیکڑوں مداح ناراض اور دلبرداشتہ ہو کر کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے تھے، کچھ افراد کنسرٹ ہال میں جگہ کم ہونے کے سبب داخل ہی نہ ہو سکے تھے جبکہ اس دوران خواتین اور بچوں کو بھی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ان سب معاملات کے بعد گلوکار کو سخت تنقید کا سامنا تھا جس پر خود اے آر رحمٰن نے ایک انٹرویو کے دوران کنسرٹ میں ہونے والی بدنظمی پر معذرت کی تھی۔
اس تنقید کا رُخ موڑنے کے لیے اب کنسرٹ منعقد کروانے والی کمپنی نے سوشل میڈیا پر گلوکار کے حق میں انفو گرافک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کنسرٹ کی ناکامی میں اے آر رحمٰن کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔
![اے آر رحمٰن کا چنئی میں ناکام کنسرٹ، بیٹیاں رحیمہ اور خدیجہ کمپوزر کے دفاع میں سامنے آ گئیں](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-09-12/1267841_2404999_nEWS888_updates.jpg)
![اسکرین شاٹس](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-09-12/1267841_9459931_nEWSSS_updates.jpg)
کنسرٹ منعقد کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ کمپوزرز کی غلطی اور لاپرواہی کے سبب گلوکار کا کنسرٹ ناکام ہوا مگر پھر بھی گلوکار اے آر رحمٰن نے سارا ملبہ اپنے سر لے لیا۔
کمپوزر کمپنی کی اس انسٹاگرام پوسٹ پر اب گلوکار کی بیٹیوں نے بھی اپنے والد کے دفاع کے لیے کمپوزرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔