دنیا بھر میں مقبول سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) میں ایک نئی تبدیلی کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس کی ایلون مسک نے بھی تصدیق بھی کردی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی ٹائم لائن ڈیزائن تبدیل کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایکس انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ صارفین کے فیڈز میں مواد کو ظاہر کرنے کے طریقے کو دوبارہ ڈیزائن کرے، اس کا مطلب ہے کہ پوسٹس پر ری پوسٹ (یعنی ری ٹویٹ)، لائک اور جواب دینے کے بٹن صارفین کی ایکس ٹائم لائن پر ظاہر ہی نہیں ہوں گے۔
ایکس چاہتا ہے کہ صارفین بٹن پر ٹیپ کرنے کے بجائے کسی پوسٹ کو پسند یا جواب دینے کے لئے بائیں یا دائیں سوائپ کریں۔ آئی او ایس صارفین کسی پوسٹ پر ٹچ کرکے مزید اختیارات کے ساتھ مینو کھول سکتے ہیں۔
تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اگر ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرنا ہوگا یا اس پر کوئی کمنٹس کرنے ہوں گے تو اسے کس طرح دائیں اور بائیں جانے سوائپ کیا جا سکے گا، تاہم امکان ہے کہ ایکس کا ٹائم لائن اس طرح بنایا جائے گا کہ اس پر ہر پوسٹ کو سوائپ کیا جا سکے گا۔
ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مذکورہ تبدیلی کب تک عمل میں آئے گی تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ 6 ماہ کے اندر پیش کردیا جائے گا۔
ایکس پوسٹ پرآنے والی ڈیزائن کی تبدیلی کو سب سے پہلے میک رومرز کے محقق ایرن پیریس نے رپورٹ کیا تھا، تاہم بعد ازاں ایکس کے مالک ایلون مسک نے خود اس تبدیلی کی تصدیق بھی کی ہے۔ مذکورہ خبر پر اب تک زیادہ تر صارفین کا ردعمل منفی آرہا ہے۔