اسلام آباد: اقتصادی ماہرین نے ایکسپورٹرز اور بڑے کاروبار کے لیے جی ایس ٹی17 سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کی سفارش کی ہے۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت کورونا ریلیف تھنک ٹینک کا اجلاس ہوا جس میں تھنک ٹینک کے اقتصادی ماہرین نے اپنی سفارشات پیش کیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق تھنک ٹینک نے اجلاس میں زراعت اور ترقیاتی منصوبوں کی بہتری کے لیے سفارشات پیش کرنے اور گندم کی جلد خریداری مکمل کرنے کی تجاویز دیں۔
تھنک ٹینک کے اقتصادی ماہرین نے تیل کی ہیچنگ سمیت ملکی، غیر ملکی قرضوں کی ری شیڈولنگ کی سفارش کے ساتھ قرضوں کی اسکروٹنی اور ہاؤسنگ سیکٹر کے لیے قرضوں کاحجم بڑھانےکی تجویز بھی پیش کی۔
علاوہ ازیں اقتصادی ماہرین نے ایکسپورٹرز اور بڑےکاروبار کے لیے جی ایس ٹی کی شرح 17 فیصد سےکم کر کے 5 فیصدکرنےکی سفارش بھی کی۔
وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا تھا کہ اس تجویز پر عمل درآمد سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بحال ہو سکتی ہیں۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری خزانہ نے ایف بی آر کے محاصل میں کمی کی مشکلات پر بھی بریفنگ دی۔
اس موقع پر مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ تھنک ٹینک کی سفارشات کو شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم بنیادوں پر دیکھا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان بہت جلد تھنک ٹینک کے خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے 1.4 ارب ڈالرز مل چکے ہیں، کورونا سے نمٹنے کے لیے عالمی ماہرین کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا جائےگا جب کہ امکان ہے کہ جی 20 ممالک پاکستان کے 1.8 ارب ڈالرز کے قرضے مؤخرکر دیں۔