ایپل کے 4 نئے آئی فونز پہلی بار ’یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ‘ کے ساتھ پیش

ایپل کے 4 نئے آئی فونز پہلی بار ’یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ‘ کے ساتھ پیش


ایپل نے 4 نئے آئی فونز متعارف کردیے ہیں جو پہلے سے زیادہ بہتر اور پہلی بار یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ کے ساتھ پیش کیے گئے ہیں۔

ایپل نے اپنے نئے فون اور واچز سمیت دیگر پروڈکٹس کی رونمائی 12 ستمبر کو کیلیفورنیا میں اپنے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب میں کی تھی۔

دنیا بھر میں اسمارٹ فون کی طلب میں کمی کی وجہ سے ایپل نے اپنے نئے فون کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا ہے۔

مذکورہ تقریب خاص طور پر چین میں جاری معاشی غیر یقینی صورتحال کے دوران منعقد ہوئی ہے، چین ایپل کی تیسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے اور ایپل کو وہاں حکومتی دفاتر میں آئی فونز کے استعمال پر پابندیوں کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا ہے، اس کے علاوہ ایپل کے مدمقابل ہواوے ٹیکنالوجی نے کئی سالوں میں اپنا پہلا نیا فلیگ شپ فون بھی لانچ کیا ہے۔

آئی فون 15 سمیت دیگر پروڈکٹس 22 ستمبر کو مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی، تاہم کمپنی کو امید ہے کہ وہ لوگوں کو اپنی جانب راغب کرلے گی۔

آئی فون پیش

ایپل کے 4 نئے آئی فونز لانچ کیے ہیں، یہ سیریز آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس پر مشتمل ہے۔

آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے جو کہ نئے آئی فون 15 اور 15 پلس کی طرح ہے۔

آئی فون 15 سمیت دیگر نئے آئی فونز میں 48 میگا پکسل کیمرا کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹریوں میں 100فیصد کوبالٹ بھی شامل ہے جسے ری سائکل کیا جاسکتا ہے۔

کیمرا

آئی فون 15 پرو کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 12.7 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 13.4 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب آئی فون 15 پرو میکس ٹیلی فوٹو کیمرا پیری اسکوپ لینس سے لیس ہے جس سے صارفین 5x سے 10x آپٹیکل زوم کر سکیں گے۔

آئی فون میں پہلی بار بڑی تبدیلی

آئی فون کے نئے ماڈلز کی خاص بات اس کے چارجنگ پورٹ کی ہے، یعنی کمپنی کی جانب سے پہلی بار آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دی گئی ہے، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔

ایپل کی جانب سے آئی فونز میں 11 سال بعد پہلی بار ایسی تبدیلی کی گئی ہے۔

یہ تبدیلی ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب یورپی یونین کی جانب سے تمام ڈیوائسز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کو لازمی قرار دیا گیا تھا جس کے بعد ایپل نے لائٹننگ پورٹ کو تبدیل کیا ہے۔

پاورفُل اسٹوریج

اس کے علاوہ آئی فون پرو ماڈلز کے لیے سائیلنٹ سوئچ کی جگہ ایکشن بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے جو متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس ٹائٹینیم سے بنے ہیں، ایپل نےدعویٰ کیا ہے کہ یہ نئے فونز ایپل کے اب تک بنائے گئے سب سے طاقتور اسمارٹ فونز ہیں، آئی فون 15 پرو میں 128 جی بی اسٹوریج جبکہ آئی فون پرو میکس 256جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

آئی فون 15 اور آئی فون 15 پلس میں اے 16 بایونک چپ ہے جبکہ آئی فون 15 پرو اور آئی فون پرو میکس میں اے 17 پرو چپ موجود ہے جس کے بارے میں ایپل کادعویٰ ہے کہ یہ کسی بھی اسمارٹ فون میں سب سے تیز کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ایپل کا کہنا ہے کہ آئی فون 15 پرو پہلا فون ہے جس میں 10 جی بی پی ایس کی رفتار ہے، جو آپ کے فون سے تصاویر اور ویڈیوز (یا کسی بھی قسم کی فائنلز) بھیجنا یا موصول کرنا بہت آسان بنا دے گی۔

آئی فون کی تمام نئی سیریز سفید، سیاہ، نیلے اور دیگر نیچرل رنگوں میں دستیاب ہیں۔

قیمت

آئی فون 15 کی قیمت 799 امریکی ڈالرز یعنی تقریباً پاکستانی 2 لاکھ 40 ہزار روپے سے شروع ہو رہی ہے جبکہ آئی فون 15 پلس کی قیمت 899 ڈالرز یعنی تقریباً پاکستانی 2 لاکھ 70 ہزار روپے ہے۔

آئی فون 15 پرو کی قیمت 999 ڈالرز یعنی تقریباً پاکستانی 3 لاکھ روپے سے شروع ہے جبکہ آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالرز یعنی تقریباً پاکستانی 3 لاکھ 60 ہزار روپے سے شروع ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں