ایپل کے بجٹ آئی فون کی پہلی تصویر سامنے آگئی

ایپل کے بجٹ آئی فون کی پہلی تصویر سامنے آگئی


ایپل کے سستے آئی فون ایس ای 2 کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں ایپل کے اندرونی حلقوں کی تفصیلات سامنے لانے والے تجزیہ کار منگ چی کیو نے بتایا تھا کہ ایپل کی جانب سے جلد سستا آئی فون ایس ای 2 متعارف کرائے جائے گا جس کی قیمت 399 ڈالرز ہوگی۔

منگ چی کیو کے مطابق آئی فون ایس ای 2 کو 2020 کے شروع میں ہی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اسمارٹ فونز کی تصاویر لیک کرنے کے حوالے سے مشہور ٹوئٹر اکاﺅنٹ آن لیکس نے آئی فون ایس ای 2 (یا آئی فون 9)کے رینڈر ٹوئٹ کیے ہیں۔

اس تصویر سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں 4.7 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے، ٹچ آئی ڈی ہوم بٹن اور بیک پر سنگل کیمرا دیا گیا ہے۔

بنیادی طور پر یہ ڈیزائن آئی فون 8 جیسا ہی ہے بس اس میں ہیڈفون جیک نہیں جبکہ اس نئے فون میں طاقتور اے 13 بائیونک پراسیسر ہوگا۔

ایپل نے 2016 میں جب اوریجنل آئی فون ایس ای متعارف کرایا تھا تو اس کی قیمت بھی 399 ڈالرز رکھی گئی تھی جو کہ آئی فون 5 ایس جیسا تھا۔

یہ ایپل کی جانب سے انٹری لیول آئی فون متعارف کرانے کی تیسری کوشش ہوگی، اس سے قبل 2013 میں آئی فون 5 سی پیش کیا گیا تھا جو کہ پلاسٹک کیسنگ میں آئی فون 5 ایس کا سستا متبادل تھا۔

اس کے بعد 2016 میں آئی فون ایس سامنے آیا جو مہنگے آئی فونز خریدنے سے گریز کرنے والے صارفین کو اپنی جانب لانے کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

یہ نیا آئی فون ایس ای ان لوگوں کے لیے بھی بہترین ہوگا جو اس وقت آئی فون سکس استعمال کررہے ہیں مگر اس میں نیا آئی او ایس 13 آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ نہیں کرسکتے کیونکہ آئی فون 6 سکس ایس اور اس کے بعد کے ماڈلز ہی میں ایپل کے نئے آپریٹنگ سسٹم سپورٹ دی گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں