لندن: برقی دستی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے تحت ہمیں سفر کے دوران طرح طرح کے چارجرساتھ رکھنا پڑتے ہیں۔ لیکن اس ضمن میں ایپل مصنوعات استعمال کرنے والے لوگوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اب وہ ایک ہی چارجر کے ذریعے ایک ساتھ چار ڈیوائس چارج کرسکتے ہیں۔
اس چھوٹے سے ہرفن مولا چارجر کو واٹس شوگر کا نام دیا گیا ہے جو ایک وقت میں آئی فون، ایپل واچ، میک بک اور ایئرپوڈز کو چارج کرسکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک وقت میں یہ پاوربینک بھی ہے اور دوم وائرلیس انداز میں بھی چارجنگ کرسکتا ہے۔ دوسری جانب یہ بہت تیزرفتاراور ہموار انداز میں بیٹری تک الیکٹران پہنچاتا رہتا ہے۔
اگرچہ ایپل کی تمام مصنوعات میں یکسانیت موجود ہے لیکن جب چارجر کی بات کی جائے تو اسمارٹ واچ کا چارجر فون کے چارجر سے الگ ہوتا ہے اور میک بک کا چارجر لامحالہ آئی پیڈ سے مختلف ہی ملے گا۔ اس طرح ہر چارجر کو ساتھ لگانا اورآلات کو زندہ رکھنا بڑا مشکل ہوتا ہے۔
واٹس شوگر چارجر بہت چھوٹا اور ہلکا پھلکا ہے جسے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ آپ اسے گھر سے آفس، دفتر سے ریستوران یا ہوائی اڈوں پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم اس سے کئی اقسام کے اینڈروئڈ فون بھی چارج کئے جاسکتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بہ یک وقت اس سے کئی آلات میں چارج بھرا جاسکتا ہے۔
اس میں یو ایس بی سی کے لیے دو پورٹس ہیں اور یو ایس بی اے کے ساتھ ساتھ میگنیٹ وائرلیس چارجنگ کی سہولت موجود ہے۔ لیکن یہی چارجر پاور بینک بھی بن سکتا ہے اور بجلی کی کسی سپلائی کے بغیر بہت سے آلات کو چلائے رکھتا ہے۔ پاور بینک میں 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری لگائی گئی ہے۔ اس طرح سفر کرتے رہے اور ڈیوائسس کو توانائی پہنچاتے رہیں۔
صارفین نے اکثر نوٹ کیا ہوگا کہ مختلف ممالک میں پلگ کے پِن کے انداز مختلف ہوتے ہیں۔ اسی مناسبت سے آپ کسی بھی ملک کے حساب سے پلگ لگاسکتے ہیں۔
یہ اہم ایجاد اس وقت کِک اسٹارٹر ویب سائٹ پر کراؤڈ فنڈنگ سے گزررہی ہے اور ایک چارجر کی قیمت 60 ڈالر کے لگ بھگ ہے۔