اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے مقابلے میں ہواوے کے اہم ہتھیار کی ڈیوائسز میں آمد

اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے مقابلے میں ہواوے کے اہم ہتھیار کی ڈیوائسز میں آمد


امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے کے اسمارٹ فونز کی فروخت بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے اور ماڈلز کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

درحقیقت امریکی پابندیوں کے نیتجے میں کمپنی کا اسمارٹ فون مارکیٹ شیئر بہت زیادہ سکڑ چکا ہے جبکہ نئے فونز کی تیاری کے لیے اسے مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔

امریکی پابندیوں کے نیتجے میں ہواوے فونز گوگل سروسز و ایپس سے محروم ہوگئے جبکہ اوپن سورس اینڈرائیڈ سسٹم استعمال کرنا پڑا۔

اب ہواوے نے گوگل کے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے مقابلے میں اپنے سب سے بڑے ہتھیار ہارمونی او ایس 2.0 کو اسمارٹ ڈیوائسز کا حصہ بنانا شروع کردیا ہے۔

2 جون کو ایک ایونٹ کے دوران ہواوے کی جانب سے متعدد ڈیوائسز کو متعارف کرایا گیا مگر سب سے اہم خبر ہارمونی او ایس کو اپ گریڈ کرنا تھا جو ان ڈیوائسز پر کام کرے گا۔

ہارمونی او ایس کو اگست 2019 میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اس سیکنڈ جنریشن ورژن پہلی بار متعدد ہواوے ڈیوائسز جیسے اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس اور اسمارٹ واچز کا حصہ ہوگا۔

اس کا یہ مطلب بھی ہے کہ چینی کمپنی کو مزید اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔

امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے گوگل سروسز سے محرومی ہوچکا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہارمونی کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ گوگل سروسز کے متبادل کے طور پر کام کرسکے۔

اس ایونٹ میں ہواوے نے 2 نئے ٹیبلیٹس متعارف کرائے جن میں ایک 12.6 انچ اور 10.8 انچ کا میٹ پیڈ پرو جبکہ دوسرا میٹ پیڈ 11 ہے۔

میٹ پیڈ پرو ، فوٹو بشکریہ ہواوے
میٹ پیڈ پرو ، فوٹو بشکریہ ہواوے

یہ ہواوے کے اولین ٹیبلیٹس ہیں جن میں اینڈرائیڈ کی جگہ ہارمونی او ایس آپریٹنگ سسٹم موجود ہے جبکہ ان میں کمپنی کے اپنے تیار کردہ کیرین کی جگہ کوالکوم اسنیپ ڈراگون پراسیسرز استعمال کیے گئے ہیں۔

10.8 انچ میٹ پرو میں اسنیپ ڈراگون 870، میٹ پیڈ 11 میں اسنیپ ڈراگون 865 اور فلیگ شپ 12.6 انچ کے میٹ پیڈ پرو میں ہواوے کا اپنا کیرین 9000 ای پراسیسر موجود ہے۔

میٹ پیڈ 11، فوٹو بشکریہ ہواوے
میٹ پیڈ 11، فوٹو بشکریہ ہواوے

مگر خاص بات پراسیسر نہیں بلکہ ان ٹیبلیٹس پر کام کرنے والا آپریٹنگ سسٹم ہے ۔

اس آپریٹنگ سسٹم سے گوگل ایپس اور سروسز کی ہواوے ڈیوائسز میں واپسی نہیں ہوگی بلکہ ہواوے ایپ گیلری ہی متبادل ایپس فراہم کرے گی۔

اسی طرح کمپنی کی جانب سے ہواوے واچ 3 کو بھی متعارف کرایا گیا جس میں ہارمونی آپریٹنگ سسٹم، ای سم، 3 دن تک چلنے والی بیٹری اور دیگر فیچرز موجود ہیں۔

ہواوے واچ 3، فوٹو بشکریہ ہواوے
ہواوے واچ 3، فوٹو بشکریہ ہواوے

اس ایونٹ میں کوئی اسمارٹ فون تو پیش نہیں کیا گیا مگر ایسا مانا جارہا ہے کہ پی 50 سیریز کے فلیگ شپ ہواوے کے اولین فونز ہوسکتے ہیں جن میں اینڈرائیڈ کی جگہ ہارمونی او ایس پری انسٹال ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں