لاہور: پاکستانی ماڈل و اداکارہ ایمان علی اور بابر بھٹی کی شادی کی شاندار استقبالیہ تقریب میں شوبز ستاروں نے چار چاند لگا دیے۔
ایمان علی اور بابر بھٹی دو روز قبل رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے جس کے بعد نوبیاہتا جوڑے کو شوبز شخصیات سمیت مداحوں کی جانب سے مبارک باد دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ شب ایمان علی اور بابر بھٹی کی شادی کی استقبالیہ تقریب ہوئی جس میں قریبی رشتے داروں سمیت شوبز شخصیات نے شرکت کی۔
علی ظفر اور فرحان سعید نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور خوب رنگ بکھیرے، عروا حسین، حسن شہریار، ثروت گیلانی اور دیگر ستاروں نے بھی خوب دھوم مچائی۔
جب کہ ایمان علی اور بابر بھٹی نے بھی شاندار رقص کیا اور مہمانوں کے سامنے بابر بھٹی نے اپنی دلہن سے محبت بھرے جذبات کا اظہار بھی کیا۔
شادی کی استقبالیہ تقریب میں دلہا دلہن کی بے شمار تصاویر لی گئیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کر کے اشارہ دیا تھا کہ ایمان علی شادی کر رہی ہیں۔
ماڈل و داکارہ ایمان علی کی شادی بابر بھٹی سے ہوئی ہے جو بہادری و جرأت پر نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے ہیں۔
ایمان علی معروف اداکار عابد علی کی بیٹی ہیں، انہوں نے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور بعدازاں فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں ’خدا کے لیے‘، ’بول‘ اور ’ماہِ میر‘ شامل ہیں۔