اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کیس میں درخواست ضمانت دائر کردی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بیرسٹر ظفر اللہ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت جمع کرائی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے 18جولائی کو گرفتار کیا اور 10 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رہا، 11 اکتوبر سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہوں یعنی درخواست ضمانت دائر کرتے وقت 191 دن حراست میں گزار چکا ہوں۔
درخواست میں کہا گیا کہ نیب میرے خلاف بادی النظر میں کوئی بھی کیس بنانے میں ناکام رہا کیونکہ نہ نیب قانون، نہ ہی کسی اور قانون کے تحت مجھ پر کوئی کیس بنتا ہے۔
درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا کہ میں نے کوئی جرم کیا اور نہ ہی جرم میں کسی کی معاونت کی لیکن نیب کی جانب سے عدالت میں محض ایک عبوری ریفرنس دائر کیا گیا جس کی کاپی بھی فراہم نہیں کی گئی جب کہ نیب نے مجھ سے اب بھی کچھ برآمد نہیں کرنا مگر نیب ابھی کیس بنانے کے لیے مزید تفتیش کر رہا ہے۔
شاہد خاقان نے درخواست میں استدعا کی کہ ایل این جی کا سارا ریکارڈ حکومت اور نیب کے پاس موجود ہے اور آئندہ تاریخ سماعت 4 فروری ہے لہٰذا نیب ریفرنس میں ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں 18 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔
اس کیس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت دیگر 7 ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا تھا، مفتاح اسماعیل اس کیس میں ضمانت پر رہا ہیں جب کہ شاہد خاقان عباسی نے درخواست ضمانت دائر کرنے سے انکار کر رکھا تھا لیکن انہیں سابق وزیراعظم نوازشریف نے درخواست ضمانت دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔