ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے ہونے والے مالی خسارے کیلئے پاکستان کو 1.7 ارب ڈالر قرض دے گا


اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے ہونے والے مالی نقصانات کو برداشت کرنےکے لیےپاکستان کو رواں برس کے اختتام تک ایک ارب 70 کروڑ ڈالر قرض دینے پر اتفاق کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت برائے اقتصادی امور نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس کے ردعمل میں تعاون کے لیے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بجٹ سپورٹ کے لیے 80 کروڑ ڈالر دے گا جو رواں برس جون میں منظور ہوگا اور دسمبر تک باقی90 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک خصوصی رعایتی شرح پر بجٹ تعاون کو توسیع دے گا، یہ فیصلہ وزیر برائے اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساسوگو اساکاوا کی ملاقات کے بعد کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹ اور دیگر طبی سامان کی خریداری کے لیے پاکستان کے لیے 25 لاکھ ڈالر گرانٹ مںظوری دی تھی۔

یاد رہے کہ 13 اپریل کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس کی وبا کے باعث معاشی نقصانات کے ازالے کے لیے 20 ارب ڈالر کا بڑا پیکج دینے کا اعلان کیا تھا یہ ایک ارب 70 کروڑ ڈالر اسی پروگرام کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو 4 ہزار 100 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ ہے اور امریکا، یورپ اور دیگر بڑی معیشتیں شدید متاثر ہوں گی۔

اے ڈی بی نے 18 مارچ کو کورونا سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کو سہولت فراہم کرنے کی خاطر 6 ارب 50 کروڑ ڈالر مختص کیے تھے۔

بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘ہم اپنے رکن ممالک کو اس حوالے سے جارحانہ اقدامات کے لیے ساتھ دے رہے ہیں تاکہ غریب، نادار افراد اور خطے بھر میں وسیع پیمانے پر تمام افراد کا تحفظ کیا جائے اور معاشی حوالے سے یقینی بنایا جائے کہ تمام ممالک فوری طور پر نقصانات کا ازالہ کرپائیں’۔


اپنا تبصرہ لکھیں