ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) پاکستان کو آئندہ 5 سال کے دوران معاشی بحالی کے عمل کے لیے معاونت کے تحت 10 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر معاشی امور مخدوم خسرو بختیار اور اے ڈی بی کے نائب صدر شیزن چین کے درمیان ورچوئل اجلاس کے دوران یہ اتفاق رائے ہوا۔
سیکریٹری معاشی امور ڈویژن نور احمد اور اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔
اس میٹنگ میں کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی (سی پی ایس 2021-2025) کی اہم ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا جنوری میں اے ڈی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ذریعے منظوری کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں کاؤنٹی آپریشنز بزنس پلان (سی او بی پی 2021-2023) اور پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کے لیے اے ڈی بی کی جاری حمایت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وبائی امراض سے پیدا ہونے والے معاشی اور معاشرتی چیلنجز اور پاکستان کے اسٹرکچرل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں فریقین نے سی پی ایس 2021-25 کو حتمی شکل دی۔
آئندہ پانچ سالوں میں اے ڈی بی کی امداد تین اہم باہم مربوط ستونوں پر مرکوز ہوگی جس میں، معاشی انتظامات میں بہتری، لچک پیدا کرنا اور مسابقت اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینا شامل ہے۔
معلومات رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ کل فنڈز کا تقریبا 33 فیصد توانائی کے شعبے پر مرکوز ہوگا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق اے ڈی بی کے شیزن چین نے کورونا وائرس سے کامیابی سے نمٹنے کے لیے حکومت کی حکمت عملی کو سراہا۔
انہوں نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت اور معاشی بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ’اے ڈی بی اپنے نئے سی پی ایس کے تحت پاکستان کو اگلے 5 سالوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور پالیسی پر مبنی پروگراموں کے لیے تقریبا 10 ارب ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے‘۔