بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین نے انکشاف کیا کہ وہ 1994ء میں مس انڈیا کے ٹائٹل کے لیے ایشوریا رائے بچن کی وجہ سے مقابلے میں حصّہ لینے کو ہی تیار نہیں تھیں۔
سشمیتا سین کے پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹ ریڈ اِٹ پر گردش کر رہی ہے ۔
اُنہیں اس ویڈیو میں یہ انکشاف کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ انتہائی خوبصورت ایشوریا سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہیں تھیں اس لیے انہوں نے ’مس انڈیا‘مقابلے کے لیے جمع کروایا ہوا اپنا فارم واپس لے لیا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ایسا کرنے پر والدہ نے پہلے بہت ڈانٹا اور پھر مقابلہ حسن میں حصہ لینے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ والدہ کے ہمت دلانے پر اگلے دن جاکر مقابلۂ حسن کے لیے اپنا فارم دوبارہ جمع کروایا۔
سشمیتا سین نے اس انٹرویو کے دوران اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ان کے علاوہ 25 دیگر لڑکیوں نے بھی ایشوریا کی وجہ سے مقابلے سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
اس مقابلے میں اداکارہ کو زبردست کامیابی ٹائی بریکر راؤنڈ کے نتیجے میں ہوئی تھی جس میں ان سے لباس میں ان کی ذاتی ترجیحات اور ہندوستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی وراثت کے بارے میں پوچھا گیا۔
اُنہوں نے اس راؤنڈ میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں ہندوستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی میراث کی بنیاد مہاتما گاندھی کے کھاڈی کے فروغ دینے کو قرار دیا۔
واضح رہے کہ 1994ء میں سشمیتا سین نے ’مس یونیورس‘ کا ٹائٹل بھی جیتا اور عالمی مقابلہ حسن جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون بھی بنیں۔