ایرا خان کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

ایرا خان کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا


بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی ایرا خان اور ان کے منگیتر نوپور شکھارے کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایرا کی دوست و اداکارہ میتھیلا پالکر نے انسٹااسٹوری شیئر کرکے ایرا اور نوپور کی شادی کی تقریبات کے آغاز کا اعلان کیا۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی انسٹااسٹوری میں جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس جوڑے کو روایتی انداز میں سرخ ملبوسات میں ملبوس خوش و خرم دیکھا جاسکتا ہے۔

ایرا خان نے سرخ و سُنہرے رنگ کے امتزاج کی روایتی ساڑھی زیب تن کی جبکہ نوپور شکھارے نے بھی اپنی ہونے والی دلہنیا سے میچنگ کرتے ہوئے سرخ کُرتے پر کانسی ویسٹ کورٹ سُنہری پگ اور سیاہ رنگ کی شلوار کا انتخاب کیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر کے کیپشن میں شادی کی تقریبات کے آغاز کا اعلان کیا گیا اور لکھا کہ ’چلیں آپ لوگوں کی شادی کرواتے ہیں‘، ایک اور تصویر پر لکھا گیا کہ ’شادی کا جشن اب شروع ہوتا ہے‘۔

اس جوڑی کی گزشتہ سال نومبر میں منگنی ہوئی تھی جس میں ان کے قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند ماہ قبل ایرا خان نے اپنی شادی کی تاریخ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم 3 جنوری کو شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن کس سال اس خاص تاریخ کو ہماری شادی ہوگی اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے۔

ایرا خان نے شادی کے لیے خاص تاریخ طے کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 3 جنوری ہمارے لیے بہت خاص ہے کیونکہ یہ وہ تاریخ ہے جب ہم دونوں نے پہلی بار بوسہ لیا تھا۔

پیشہ ورانہ محاذ پر ایرا نے اپنی ہدایت کاری کا باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا ہے، انہوں نے موسیقی کی تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں