ایران میں زلزلہ: 5 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی


تہران: ایران میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے شمال مغرب میں جمعہ کی صبح آنے والے زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ہشترد شہر سے 60 کلو میٹر آذربائیجان کے مشرقی صوبہ تھا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں بڑھنے اور بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔

ایران کے مقامی میڈیا نے زلزلے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 5 افراد کے جاں بحق اور 100 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ زلزلے سے کئی جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلے کے بعد کئی مرتبہ اس کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس ہے اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے، شہریوں نے گھر کے باہر کیمپ لگا کر اور گاڑیوں میں پناہ لی۔

ایران کے محکمہ کرائسس مینجمنٹ کے سربراہ کا کہنا ہےکہ زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں