ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ، صدر زرداری اور وزیراعظم کا اظہار تشویش

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ، صدر زرداری اور وزیراعظم کا اظہار تشویش


صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آصف زرداری نے ایران کے صدر اور ان کے قافلے میں شامل ساتھیوں کی سلامتی کی دعا بھی کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری  نے کہا کہ ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر لوگوں کے ہیلی کاپٹر سے متعلق خبر پر گہری تشویش ہے۔ صدر رئیسی کی صحت و سلامتی کیلئے دل سے دعا گو ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے متعلق افسوسناک خبر سنی،  بے چینی سے اچھی خبر کا انتظار ہے کہ سب ٹھیک ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری نیک خواہشات ایرانی صدر اور قوم کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئيسی کا ہیلی کاپٹر سے متعلق اطلاعات ہیں کہ اس نے شدید دھند والے پہاڑی علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کی ہے، تاہم اس کے بعد سے ایرانی صدر اور ہیلی کا پٹر میں ان کے ہمراہ موجود ایرانی وزیر خارجہ لاپتہ ہیں۔

ایرانی صدر صوبے مشرقی آذربائيجان میں ڈيم کے افتتاح کے بعد تبریز شہر جا رہے تھے جب پہاڑی علاقے میں ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے کی خبر سامنے آئے تین گھنٹے گزر چکے ہيں لیکن اب تک ایرانی صدر سے ریسکیو ٹیم کا رابطہ نہيں ہوسکا۔ حکام نے کہا ہے کہ سامنے آنے والی صورتحال تشویش ناک ہے۔

ایرانی وزير داخلہ احمد واحدی نے صدر رئيسی کے ہیلی کا پٹر حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کے ساتھیوں سے رابطے میں ہیں، لیکن متعلقہ علاقے میں خراب موسم کے باعث کمیونیکیشن بھی چلینج بنی ہوئی ہے۔

ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں جولفہ کے قریب سرچ آپریشن جاری ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں