ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے 3 روزہ دورے پر روانگی سے قبل تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا پاکستان ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان عوامی اور حکومتی سطح پر تاریخی تعلقات قائم ہیں، ماضی سے آج تک پاکستان اور ایران میں بہت اچھے سیاسی، اقتصادی اور مذہبی تعلقات ہیں۔
ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا مختلف عالمی مسائل پر ایران اور پاکستان مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں، انسانی حقوق، فلسطین، انسداد دہشت گردی جنگ میں پاکستان اور ایران کا مشترکہ مؤقف ہے، پاکستان اور ایران متعلقہ امور پر ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا پاکستان میں حکام کے ساتھ سکیورٹی، اقتصادی اور تجارتی امور پر مذاکرات ہوں گے۔
ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا پاکستان سے باہمی تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، پاکستان ایرانی مارکیٹ سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر آج پاکسان پہنچے ہیں، ایرانی صدر اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ ایران کے صدر لاہور اور کراچی کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ مزار اقبال اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔